کراچی میں 2019 کے  دوران ٹریفک پولیس نے80 کروڑکے چالان کیے

274

ٹریفک پولیس کی جانب سے سال 2019 کے دوران شہریوں کو 80 کروڑ کی خطیر رقم کے 35 لاکھ سے زائد چالان کیے گئے ۔

سال 2019 میں کراچی کی سڑکوں پرٹریفک حادثات میں 850 افراد جاں بحق جب کہ 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے، بیشتر حادثات تیز رفتار چلنے والے پانی کے ٹینکروں اور دیگر ہیوی ٹریفک کے باعث پیش آئے جن میں سب سے اموات موٹر سائیکل سواروں کی ہوئی ۔

ٹریفک پولیس کا سارا زور جرمانوں پررہا،سب سے زیادہ چالان ون وے اور ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر کیے گئے جب کہ سنگین خلاف ورزیوں پر 15 ہزار موٹرسائیکل اوردیگر چھوٹی گاڑیاں چلانے والوں کو لاک اپ کیا گیا ۔

سال 2019 کے دوران شہر قائد کے نصف سے زائد سگنل خراب اوربند رہے  جب کہ ٹریفک انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ حکومتی گرانٹ کے باوجود جدید ٹریفک سگنلز کا نظام لانے میں ناکام رہا ۔

شہر قائد میں پورے سال فٹنس اورروٹ پرمٹ کے بغیر کمرشل بنیادوں پر چلنے والی گاڑیاں شہر کی اہم شاہراہوں پر رواں دواں رہیں جب کہ عدالتی احکامات کے باوجود ہیوی ٹریفک ٹائر تلے قانون روندتا رہا اور  سال بھر شہر قائد کی سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک کا راج رہا۔