سکھر، بڑھتی بے امنی لاقانونیت کیخلاف جے یو آئی سڑکوں پر نکل آئی

225

سکھر (نمائندہ جسارت) ضلع میں بڑھتی بدامنی، لاقانونیت کیخلاف جے یو آئی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، روہڑی اور سکھر میں مظاہرے، سکھر پولیس ضلع کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، مولانا صالح انڈھڑ پر حملے کے ملزمان گرفتار کیے جائیں، رہنماؤں کا خطاب۔ جمعیت علمائے اسلام ضلع سکھر کے زیر اہتمام ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، لاقانونیت، چوریوں کی وارداتوں میں اضافے اور جے یو آئی ضلع سکھر کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد صالح اندھڑ پر ہونے والے حملے کیخلاف کارکنان کی بڑی تعداد نے جے یو آئی کے رہنماؤں مولانا عبدالحمید مہر، مولانا عبدالکریم عباسی، مولانا محمد زبیر مہر، قاری لیاقت علی مغل، مفتی قمرالدین ملانو، عبدالمنان سمیجو، قاری عبداللہ مکی و دیگر کے زیر قیادت سکھر پریس کلب اور روہڑی میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور سکھر پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ کارکنان نے ہاتھوں میں جمعیت کے پرچم اور مذمتی بینرز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر مذکورہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گیارہ روز قبل نامعلوم مسلح افراد نے جمعیت علما اسلام ضلع سکھر کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد صالح انڈھڑ پر حملہ کیا تھا۔ واقعہ کو کئی دن بیت گئے لیکن پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں ابتک ناکام ہے۔ ملزمان کی عدم گرفتاری کے باعث جے یو آئی کے کارکنان میں شدید بے چینی کی لہر دوڑ رہی ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سکھر پولیس کی مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے پولیس کا کردار مشکوک بنتا جارہا ہے، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ رہنماؤں نے حکام بالا سے پُرزور مطالبہ کیا کہ سکھر شہر میں امن و امن کی صورتحال کو بہتر بنانے سمیت مولانا محمد صالح انڈھڑ پر ہونے والے حملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے اور ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔