سندھ میں گیس بحران سندھ حکومت کی وجہ سے ہے،عمر ایوب

361

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ سندھ میں گیس بحران سندھ حکومت کی وجہ سے ہے۔

 وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ سندھ میں گیس بحران سندھ حکومت کی وجہ سے ہے کیونکہ 2گیس لائنیں بچھانے کے لیے سندھ حکومت راستہ نہیں دے رہی، سندھ حکومت نے آرٹیکل 158 کے تحت ایل این جی کی درآمد سے بھی انکار کیا ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ حکومت سندھ نے سوئی سدرن کو گیس پائپ لائن کی تعمیر کے لیے رائٹ آف وے نہ دے کر سندھ کے عوام سے زیادتی کی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سردی کی شدت بڑھنے سے گیس پریشر میں کمی آئی ہے جبکہ موسم کے پیش نظراس سال گیس کی سپلائی 12 فی صد بڑھا دی گئی ہے۔

 عمر ایوب نے مزید کہا کہ ہم حکومت سندھ کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہیں مگر وہ اپنی من مانی کی سزا عوام کو نہ دے، اگر سندھ حکومت سوئی سدرن کو مطلوبہ راستہ دے تو ہم گیس پائپ لائن تعمیر کر کے گیس بحران حل کر دیں گے۔

واضح رہے کہ شہر قائد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں گیس کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے جبکہ گھریلو صارفین کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث شہری سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔