جرمنی نے رواں سال 7.95 بلین یورو کا اسلحہ فروخت کیا

187

جرمن حکومت کے جاری اعداد شمار کے مطابق2019 میں جرمنی نے اسلحہ کی فروخت کے ریکارڈ سمجھوتے کئے ہیں۔

جرمنی میں اپوزیشن گرین پارٹی اور لیفٹ پارٹی کی طرف سے استفسار کے بعد حکومت نے اسلحہ کی فروخت سے متعلق اعدادوشمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق رواں سال جنوری سے دسمبر تک اسلحہ اور فوجی سازوسامان کی فروخت ریکارڈ 8 ارب یورو تک پہنچ گئی ہے۔

جرمنی کی وزارت معیشت اور توانائی کے مطابق حکومت نے رواں سال جنوری سے دسمبر میں 7 ارب 950 ملین یوروکے  ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی فروخت کی منظوری دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جرمنی نے سب سے زیادہ اسلحہ یورپی یونین اور نیٹو کے رکن ملک ہنگری کو فروخت کیا ہے ۔سرکاری رپورٹ کے مطابق جرمنی نے رواں سال ہنگری کو قریبا 1 ارب 770 ملین یورو کے ہتھیار اور جنگی سازو سامان فروخت کرنے کی منظوری دی۔

رپورٹ کے مطابق دوسرے نمبر پر مصر ہے جس نے  جرمنی سے 802 ملین یورو کے معاہدے کیے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سے قبل جرمنی کی جانب سے جنگی سازوں سامان کی فروخت 2015 میں 7.86 بلین یورو ریکارڈ کی گئی تھی ۔  2018 میں 5.3 بلین یورو اور 2017 میں 6 ارب 240 ملین یورو کا اسلحہ اور فوجی سازوسامان فروخت کرنے کی منظوری دی تھی  جب کہ رواں سال  جرمنی کی جانب سے 7.95 بلین یورو کے معاہدوں کے بعد تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں ۔