تاریخ شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، بلاول بھٹو

653

xچیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو کا مشن مکمل ہونے تک جدوجہد جاری رکھوں گا، تاریخ شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ شہید بینظیر بھٹو کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بینظیر بھٹو وفاقی پاکستان کی سب سے مضبوط زنجیر تھیں،بینظیر کے قاتلوں نے درحقیقت اس زنجیر کو توڑنے کی سازش کی تھی، جسےآصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر سازشیوں کے عزائم کو ناکام بنایا تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام بہادر قائد کو ہمیشہ یاد رکھیں گے جس نے سب کچھ قربان کر دیا،شہید بینظیر بھٹو نظریات کے لیے بڑی بہادری سے لڑیں،آمر ضیا کے خلاف جدوجہد کی قیادت کی،نظریات کی خاطر ہی ذوالفقار بھٹو نے پھانسی کا پھندہ گلے لگایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کو قید تنہائی اور جلا وطنی کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں،آمریت کو شکست سے ہمکنار کیا،اپنی والدہ کا مشن مکمل ہونے تک جدوجہد جاری رکھوں گا، تاریخ شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔