کراچی: سنٹرل اور ناردرن پنجاب کی کرکٹ ٹیموں کے مابین قائداعظم ٹرافی کا فائنل کل سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اورمڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم سنٹرل پنجاب کی نمائندگی کریں گے،دوسری طرف قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر اور اوپنر حیدر علی ناردرن کےا سکواڈ کا حصہ ہیں۔قائد اعظم ٹرافی کا فائنل 27سے 31 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
فائنل میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم نہ صرف پی سی بی کے ازسر نو ترتیب دئیے گئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے پریمیئر ٹورنامنٹ کی پہلی فاتح ہوگی بلکہ وہ چمچماتی ٹرافی کی حقدار بھی ٹھہرے گی۔ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے اور رنرزاپ کوپچاس لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔
قائداعظم ٹرافی میں سنٹرل پنجاب اور ناردرن کا سفر انتہائی دلچسپ رہا۔ پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کے درمیان صرف 3 پوائنٹس کا فرق رہا۔آخری راؤنڈ کے اختتام پر سنٹرل پنجاب 133 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے جبکہ ناردرن 130 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔
دوسری جانب فائنل میں ناردرن کی ٹیم راؤنڈ میچز میں شکست کا بدلہ لینے کیلئے بے قرار ہوگی کیونکہ اس سےقبل دونوں ٹیمیں 2 مرتبہ ایونٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں مگر دونوں میچوں میں فتح کی سنٹرل پنجاب پر مہربان رہی ہے۔
قائد اعظم ٹرافی کا فائنل ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔
پِری میچ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ قائداعظم ٹرافی ملک کا سب سے اہم اور پریمیئرکرکٹ ٹورنامنٹ ہے جسے قومی ٹیسٹ کرکٹرز کی نرسری کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم فائنل میں شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔
بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ مضبوط بیٹنگ لائن اپ ، ٹیم کی طاقت ہے اور وہ انفرادی طور پر فائنل میں لمبی اننگز کھیلنے کیلئے پراعتماد ہیں۔ انہوں نے امید ظاہرکی ہےکہ شائقین کرکٹ کو دونوں ٹیموں کے درمیان بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
ناردرن پنجاب کے کپتان نعمان علی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ناردرن کی ٹیم اس اہم میچ کیلئے مکمل طور پر تیار ہے،ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی ایونٹ کے فائنل میں اعلیٰ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے پراعتماد ہیں۔
ناردرن کے کپتان نے واضح کیا ہےکہ سنٹرل پنجاب کے خلاف میدان میں اترنے سے قبل ٹیم پر کوئی اضافی دباؤ نہیں ۔ دوران ٹورنامنٹ ٹیم کے متعدد میچز ہائی پریشر گیمز رہے لہٰذاوہ دباؤ سے نمٹنا بھی بخوبی جانتے ہیں۔
نعمان علی نے مزید کہا کہ ناردرن کرکٹ ٹیم نےکہا کہ ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ نے ایونٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایونٹ میں ڈبل سنچریاں اسکور کرنے والے ذیشان ملک اور فیضان ریاض پرمشتمل ٹاپ آرڈر کے بعد مڈل آرڈر میں حماد اعظم ،عمر امین اور علی سرفراز کی موجود گی سے ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو مزید تقویت ملے گی۔
Finalist captains #BabarAzam and #NaumanAli paying homage to the founder of the nation at the Quaid Mausoleum, Karachi.
The Quaid-e-Azam Trophy remains the pinnacle of Pakistan domestic cricket.#QEA19 final starts tomorrow.
P.C: @TheRealPCB pic.twitter.com/XLKu05Dgtj
— Cric Mindz (@CricMindz) December 26, 2019