خیبر پختونخوا حکومت کا بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات رکوانے کیلئے عدالت سے رجوع

270

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کی تحقیقات رکوانے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل جمع کروا دی۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان اور پشاور رجسٹری میں الگ الگ درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے بی آر ٹی پشاور کے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا ہے، ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے جبکہ درخواست پر فیصلے تک ایف آئی اے کو انکوائری سے روکا جائے۔

واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ نے بی آر ٹی کے حوالے سے دائر درخواست کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا اور ایف آئی اے کو 45 دن میں انکوئری کا حکم بھی دیا تھا، جس پر ایف آئی اے نے تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔