ملک کے دفاع کے ساتھ ادارے کے وقار کا دفاع کرنا بھی جانتے ہیں ۔ترجمان پاک فوج

443

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف سے متعلق 17 دسمبر کو مختصر فیصلے کے بعد جن خدشات کا اظہار کیا تھا ،آج  تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد وہ درست ثابت ہورہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کے فیصلے اور اس میں استعمال کیے گئے الفاظ انسانیت، مذہب، تہذیب اور کسی بھی اقدار سے بالاتر ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افواج پاکستان ایک منظم ادارہ ہے، ہم ملکی سلامتی کو قائم رکھنے اور اس کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کے حلف بردار ہیں اور ایسا ہم نے گزشتہ بیس سالوں میں عملی طور پر کر کے دکھایا ہے کہ وہ کام جو دنیا کا کوئی ملک اور فوج نہیں کرسکی، وہ پاکستان اور افواج پاکستان نے اپنے عوام کی حمایت کے ساتھ کیا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ماضی کی پریس کانفرنسز میں جنگ کی نوعیت پر بات کی کہ ہم روایتی اور نیم روایتی جنگ  کامیابی سے لڑتے ہوئے آج ہائبرڈ جنگ کا سامنا کررہے ہیں۔ ہمیں جنگ کی اس بدلتی ہوئی نوعیت کا بھرپور احساس ہے۔ اس جنگ میں دشمن، اس کے سہولت کار، آلہ کار، ان کا کیا ڈیزائن ہوسکتا ہے، وہ کیا چاہتے ہیں ان سب کی بھی ہمیں سمجھ ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جہاں دشمن ہمیں داخلی طور پر کمزور کرتے رہے ہیں وہیں اب بیرونی طور پر بھی خطرات کی آوازیں اٹھ رہی ہیں ۔ان حالات میں چند لوگ اندرونی اور بیرونی حملوں سے ہمیں اشتعال دلاتے ہوئے آپس میں بھی لڑانا چاہتے ہیں  اور اس طریقے سے پاکستان کو شکست دینے کے خواب دیکھ رہے ہیں، ہم اپنے بڑہتے ہوئے قدم کو پیچھے نہیں ہٹائیں گے اور اندرونی و بیرونی دشمنوں کو ناکام کریں گے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افواج پاکستان صرف ایک ادارہ نہیں ہے ، ایک خاندان ہے۔ ہم عوام کی افواج ہیں اور جزبہ ایمانی کے بعد عوام کی حمایت سے مضبوط ہیں۔ ہم ملک کا دفاع بھی جانتے ہیں اور ادارے کی عزت اور وقار کا دفاع کرنا بھی بہت اچھی طرح جانتے ہیں ،لیکن ہمارے لیے ملک پہلے اور ادارہ بعد میں ہے ۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آج اگر ملک کو ادارے کی قربانیوں ،کارکردگی اور یکجہتی کی ضرورت ہے،ہم ملک کی عزت اور  وقار کا اور ادارے کی عزت و قار کا بھر دفاع کریں گے۔عدالت کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد افواج پاکستان کے جزبات اور محب وطن پاکستانیوں کے جذبات کو دیکھتے ہوئے اسے آگے کس طرح لے کر چلنا ہے اس پر آرمی چیف کی وزیر اعظم پاکستان سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے جس سے حکومت آگاہ کرے گی ۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ فوج اور حکومت گزشتہ چند سالوں سے مل کر ملک کو اس طرف لے جانا چاہتے ہیں جہاں ہر قسم کے خطرات ناکام ہو اور ملک اس طرف جائے جہاں ہم جانا چاہتے ہیں ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ عوام افواج پاکستان پر اعتماد رکھے، ہم کسی صورت ملک میں انتشار نہیں پھیلنے دیں گے،  لیکن ایسا کرتے ہوئے اپنے ادارے کی عزت اور وقار کو ملک کی عزت اور وقار کے ساتھ قائم رکھے گیں اور جتنے بھی دشمن ہیں، خواہ وہ اندرونی ہو یا بیرونی، اور ان کے آلہ کار اور سہولت کار، ان کو ہم بھر پور جواب دیں گے ۔