پرویز مشرف کیس پر چیف جسٹس سے منسوب خبریں غلط ہیں، ترجمان سپریم کورٹ

292

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کیس پر چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ کی گفتگو کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ مشرف کیس پرچیف جسٹس سے منسوب خبریں غلط ہیں ۔

ترجمان سپریم کورٹ کی جانب سےپرویز مشرف کیس پر چیف جسٹس کی گفتگو سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر چلائی گئی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ خبریں چلانے والے ادارے اسی انداز میں سپریم کورٹ کی تردید کو چلائیں۔

عدالت عظمی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ مشرف کیس میں چیف جسٹس نے عدالتی احکامات کے علاوہ کوئی حکم نہیں دیا،مشرف کیس کے حوالے سے لگنے والی خبر بغیر مصدقہ ذرائع کی چلائی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ خصوصی عدالت سے متعلق شائع خبریں من گھڑت ہیں، ایسے موقع پر ایسی خبریں جان بوجھ کر گھڑی گئی ہیں، چلنے والی خبریں سیاق و سباق سے ہٹ کر اور حقائق کے منافی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزٹی وی چینلزپرچیف جسٹس سے منسوب گفتگو نشر کی ہے کہ انہوں نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کا کیس بڑا واضح تھا، مشرف کو متعدد مواقع فراہم کیے گئے،لیکن یہ معاملہ کو طول دینا چاہتے تھے۔

خبر میں کہا گیا کہ چیف جسٹس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم اگر جلدی نہ کرتے تومعاملہ کئی سال تک چلتا رہتا، تاخیری حربوں کے باوجودمعاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا انہیں ایک  کیس میں اہم عہدوں کی پیشکش بھی کی گئی جسے انہوں نے قبول نہیں کیا۔