وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا

610

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس کے دوران دو طرفہ تعلقات اور خطے میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورہ سعودی عرب کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ولی عہد کو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت،پاک سعودی تعلقات خطے میں امن و استحکام اور ترقی کے ضامن ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان مشرق وسطی میں تنازعات ختم کرنے اور تناؤکم کرنے میں کردار ادا کرتا رہے، پاکستان خطے اور دنیا کے امن کے لئے تمام تر کوششوں میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کی ترقی میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے، سیاحت کے فروغ سے متعلق سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی،سعودی ولی عہد نے سعودی ٹیم کو جلد پاکستان بھیجنے کا وعدہ بھی کیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور بھارتی بربریت کا بھی بتایا۔

خیا ل رہے کہ مئی 2019 کے بعد وزیراعظم عمران خان کا سعودی عرب کا یہ چوتھا دورہ تھا، دونوں ممالک کی قیادت تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے کے لئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے مدینہ میں روضہ رسولﷺ پر حاضری دی، ریاض الجنتہ میں نوافل ادا کیے اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعائیں کیں۔

بعد ازاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم کو ریاض ائیرپورٹ پرالودع کیا۔