کراچی میں ایم کیوایم کی یادگار شہداء پر توڑپھوڑ

141

کراچی(نمائندہ جسارت)کراچی میں ایم کیوایم کے سابقہ مرکز عزیزآباد میں یادگار شہداء پر نامعلوم افراد نے توڑ پھوڑ کردی ہے۔کراچی کے علاقے عزیزآباد میں جناح گرائونڈ سے متصل قائم یادگار شہداء کو نامعلوم افراد نے مسمار کرنے کی کوشش ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے نامعلوم افراد کی جانب سے یادگار شہداء کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتے ہوئے شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ یادگار شہداء ہزاروں مہاجر شہدا کی یادگار ہے جس سے کروڑوں مہاجروں کے جذبات وابستہ ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے یادگار شہداء کی تعمیر نو کرانے کا اعلان بھی کردیا۔دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے بھی یادگارِ شہداء کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ یادگارشہداء سے بانیان پاکستان کی اولادوں کے جذبات وابستہ ہیں۔مصطفی کمال نے بے حرمتی کرنیوالے شرپسندوں کی گرفتاری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔سربراہ تنظیم (ایم کیو ایم پاکستان) بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے شرپسند عناصر کی جانب سے یادگار شہداء کی بے حرمتی پر نہایت غم و غصے کا اظہار کیا اور شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یادگار شہداء کی بے حرمتی بانیان پاکستان کی اولادوں کے جذبات سے کھیلنا ہے۔اس واقعے کی مکمل انکوائری اور شرپسندوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔
یادگار شہداء بے حرمتی