وکلا کی کراچی کے ڈاکٹروں کو بھی دھمکیاں، وڈیو وائرل

82

کراچی(نمائندہ جسارت)شہرقائد کے وکلا کی جانب سے ڈاکٹروں کو دی جانے والی دھمکی آمیز وڈیو وائرل ہو گئی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ کراچی کے ڈاکٹروں کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل پنجاب میں شروع ہونے والی وکلا اور ڈاکٹروں کی لڑائی کراچی پہنچ گئی ہے، کراچی بار کے انتخابات کے موقع پر کراچی کے وکلا کی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس  میں چند افراد کالے کوٹ پہنے اپنے آپ کو وکیل ظاہر کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ لاہور میں وکلا کی جانب سے ڈاکٹروں کو جواب دینے کا عمل بہت اچھا تھا۔ اس وڈیو میں ایک نوجوان نے کہا کہ پہلے ڈاکٹروں نے حملہ کیا تھا اور انہیں ہماری طرف سے جواب دیا گیا ہے، کہیں کا بھی اسپتال ہو، سرکاری ہو یا غیر سرکاری ہم ڈاکٹروں کو نہیں چھوڑیں گے، یہ ملک وکلا نے بنایا ہے ڈاکٹروں نے نہیں، پولیس یا کسی بھی ایجنسی نے وکلا کے خلاف کوئی بھی قدم اٹھایا تو پاکستان کے کسی بھی اسپتال میں گھس کر ڈاکٹروں کو ماریں گے۔ وڈیو میں کہا گیا کہ ہم ان وکلا کو خوش آمدید کہتے ہیں جنہوں نے ڈاکٹروں اور پولیس والوں کو مارا ہے، ہم ان کی حمایت میں کراچی سے نکل رہے ہیں اور کل لاہور کا کوئی ڈاکٹر اور کوئی اسپتال نہیں بچے گا۔ وڈیو بنانے والے نوجوان وکیل نے کہا کہ ہم کراچی میں بھی ڈاکٹروں کو نہیں چھوڑیں گے، اگر ڈاکٹر اور پولیس تحفظ چاہتے ہیں تو ہم سے معافی مانگیں۔
وڈیو وائرل