میہڑ، ڈکیتی میں مطلوب شخص کی گرفتاری پر مزاحمت، 3 افراد زخمی

237

میہڑ (نمائندہ جسارت) گائوں اللہ ڈنو جانوری پر پولیس کی چڑھائی، دو موٹر سائیکل کی ڈکیتی میں مطلوب ملزم ثنا اللہ جانوری اور محسن جانوری کی گرفتاری کے لیے چھاپا، مزاحمت پر گاؤں والوں اور پولیس میں فائرنگ کے تبادلے کے باعث خاتون زرینہ، شوہر عرض محمد جانوری اور پولیس اہلکار آفتاب علی چانڈیو زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تعلقہ اسپتال میہڑ بعد ازاں لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا گیا۔ میہڑ پولیس کی جانب سے فائرنگ کر کے گھروں میں داخل ہو کر خاتون کو زخمی کرنے کیخلاف جانوری برداری کے چیف سردار پی ٹی آئی رہنما وقار خان جانوری، رفیق احمد جانوری، غلام رسول جانوری، اخلاق جانوری، فرحان جانوری اور دیگر کی جانب سے انڈس ہائی وے اٹک پمپ پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ٹائر نذر آتش کر کے سڑک کو بند کردیا، جس کے باعث لاڑکانہ اور کراچی آنے جانے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے پولیس کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس نے بلاجواز ہمارے گھروں پر چڑھائی کر کے فائرنگ کی، جس کے باعث گولی لگنے سے ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ انہوں نے واقعہ کی تحقیقات اور میہڑ ایس ایچ او اور اے ایس آئی کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ انڈس ہائی وے پر جانوری برداری کے دھرنے کی جگہ اے ایس پی انیل حیدر، ڈی ایس پی کے این شاہ جاوید اقبال اور ایس ایچ او تھوڑی محبت سجاد جمالی اور دیگر نے پہنچ کر مظاہرین سے بات چیت کر کے زخمی خاتون اور زخمی پولیس اہلکار کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق تحقیقات اور مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کرانے کے بعد دھرنا ختم کرایا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شیر افضل وقار خان جانوری نے کہا کہ پولیس ڈاکوئوں کیخلاف کارروائی کرے مگر خواتین پر گولیاں چلانا کون سا قانون ہے۔ انصاف نہیں ہوا تو عدالت جائیں گے، آخری اطلاعات تک واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔