قلعہ سیف اللہ میں ٹریفک حادثے میں 13 افراد کی ہلاکت کا مقدمہ درج

106

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) قلعہ سیف اللہ میں ٹریفک حادثے میں 13 افراد کی ہلاکت کا مقدمہ لیویز تھانہ مسلم باغ میں درج کرلیا گیا، گیارہ میتیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ تحصیلدار مسلم باغ سعد اللہ بلوچ کے مطابق مقدمہ حادثے میں جانی نقصان، لاپروائی، غفلت سمیت دیگر دفعات کے تحت نامعلوم ڈرائیوروں کیخلاف درج کیا گیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ دوسری جانب سول اسپتال کوئٹہ کے مردہ خانے میں موجودہ گیارہ افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کردیں۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میتوں کے ڈی این اے سمپل لے لیے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر نے حادثے کی تحقیقات کے لیے کمشنر ژوب ڈویژن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی حادثے کی تحقیقات کے بعد رپورٹ چیف سیکرٹری کو پیش کرے گی۔ قلعہ سیف اللہ حادثے کے بعد ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ کیخلاف کارروائیاں بھی تیز کردی گئی ہیں۔ قلعہ سیف اللہ کی حدود میں لیویز نے ایرانی پیٹرول اور ڈیزل سے لدی تین گاڑیاں تحویل میں لے کر چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔