موجودہ حکمت عملی سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا ‘پالیسی تبدیل کرناہوگی‘ وزیراعظم آزاد کشمیر

454
اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجا محمد فاروق حیدر جے کے ایل ایف کے تحت سیمینار سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکمت عملی کے تحت کشمیر آزاد نہیں ہوسکتا اس کے لیے پالیسی میں تبدیلی لانا ہوگی‘ عالمی میڈیا کو کشمیر کے مسئلے کی جانب راغب کرنے کی ضرورت ہے ‘ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی آئین میں آرٹیکل 35-A انتہا پسند ہندوئوں کے کہنے پر شامل کیا گیا تھا اس کے خاتمے پر اب کارگل اور لداخ کے لوگ بھی عدم تحفظ کا شکار ہیں‘ پاکستان ہماری پشت پر رہے اور کشمیریوں کو عالمی سطح پر کشمیر کے حوالے سے کردار ادا کرنے میں معاونت کرے‘ اس سے دنیا میں زیادہ موثر انداز میں ہماری بات سنی جائے گی۔ وہ ہفتے کو نیشنل پریس کلب میں کشمیر سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیریوں کو اس وقت بھارت کی شکل میں کالے سامراج کا سامنا ہے اور مودی اس کاچہرہ ہے‘ بھارت میں عدالتیں قومی مفاد کو مقدم رکھتی ہیں یہی وجہ ہے کہ افضل گرو کی بے گناہی کے باوجود اسے سزائے موت دی گئی اور یہ لکھا گیا کہ ہم بھارتی عوام کو مطمئن کرنے کے لیے اسے سزائے موت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی عزائم کے حوالے سے سنجیدہ گفتگو کی ضرورت ہے‘ مغربی ممالک میں انسانی ہمدردی آج بھی ہے‘ ہمیں معذرت خواہانہ رویہ ترک کرناہوگا‘ دنیا کے بڑے ممالک میں کشمیر کے مسئلے کے حوالے سمجھ بوجھ اور بے باک سفیر تعینات کیے جائیں‘ بھارت کے ساتھ مذاکرات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔