علما کرام معاشرے کو قرآن کے نور سے منور کریں ،مولانا محمد اسماعیل

1285
کراچی: جمعیت اتحاد العلما کے تحت استقبالیے سے نائب امیر جماعت اسلامی پختونخوا مولانا محمد اسماعیل، حافظ نعیم الرحمن اور مولانا عبدالوحید خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر مولانا محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ علما کرام انبیا کرام کے وارثین ہیں ،آج کے اس پر فتن دور میں علما کرام کی ذمے داری ہے کہ معاشرے کو قرآن کے نور سے منور کریں ، علما کرام گفتار کے بجائے کردار کے غازی تیار کریں ، اصل اور حقیقی لیڈرز علما ہی ہیں ،علما منبر ومحراب کے ذریعے ایک نظریہ اور سوچ فراہم کرتے ہیں ،عوام علما پر اعتمادکرتے ہیں اور ان کی پیروی کرتے ہیں ،ملک میں سیاسی لیڈر عوام کے بے تا ج بادشاہ بنے ہوئے ہیں جنہوں نے قوم کو مہنگائی و بے روزگاری اور بنیادی سہولیات سے محروم کردیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت اتحاد العلما کراچی کے تحت ادارہ نورحق میں اپنے اعزازمیں استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔استقبالیے سے جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن ، جمعیت اتحاد العلما کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید ، نائب صدور جمعیت اتحاد العلما کراچی یامین منصوری، حافظ خالد مسعود ، مولانا ضیا الرحمن ،مولانا محمد آفتاب ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔مولانا محمد اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ علما کرام اپنے اپنے اضلاع اور حلقہ اثر میں بھرپور منصوبہ بندی کے ذریعے نظم کے تعاون سے 2 سے3 سال میں قرآن کا مکمل ترجمہ مختصر تشریح کے ساتھ پڑھائیں ، علما کرام معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے حیائی و فحاشی کی روک تھام کے لیے عوام کے ساتھ مل کر کام کریں اس کے لیے ایک مستقل حکمت عملی اور مسلسل منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کی اصلاح صرف اور صرف قرآن و سنت کے نظام کے مطابق ہی ہوسکتی ہے اسی لیے علما کرام اپنی ذمے داریوں کو سمجھتے ہوئے معاشرے میں قرآن و سنت کے پیغام کر عام کریں اور عوام کو اپنے ساتھ ملا کر مسائل کے حل کی کوشش کریں ۔حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں علما کرام کا خیر مقدم کیا اور صوبہ خیبر پختونخوا میں علما کی کاوشوں کو سراہا۔