بد عنوان عناصر دوبارہ جیلوں میں آئیں گے‘ شوکت یوسفزئی

114

پشاور (اے پی پی) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ جن کی ضمانتیں ہورہی ہیں وہ دوبارہ جیلوں میں آئیں گے اورچوری کاحساب بھی دیں گے، حکومت کے خلاف احتجاج ناکام ہونے سے مولانا فضل الرحمن کے دماغ پر اثر کیا ہے، ہم مولاناکا علاج اپنے خرچے پرکرانے کے لیے تیار ہیں، فضل الرحمن اس حقیقت کو تسلیم کریں کہ عوام نے ان کو بھی مسترد کر دیا ہے اور ان کے پلانز کو بھی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے عمرزئی چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری حکومت کہیں نہیں جارہی ،حکومت اپنی 5 سالہ مدت پورے کرے گی۔عمران خان نے نہ توکسی سے ڈیل کی ہے نہ ہی کریں گے، عدالتیں آذادہیں جواپنے فیصلے کررہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قومی مجرموں سے ڈیل ہوگی، ڈھیل ملے گی اور نہ ہی کوئی این آر او دیں گے اور وہ آج بھی اپنی بات پر سختی سے قائم ہیں اس لیے اگر کوئی امید پر وزیراعظم کی جانب دیکھ رہا ہے تو اسے صرف اور صرف مایوسی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن آئندہ بھی ناکامی سے دوچار ہوںگے۔ جمعیت علماہند ،مودی کی حمایتی ہے اسی لیے جمعیت علمااسلام(ف)بھی مودی کی مدد گاربنی ہوئی ہے جن کے احتجاج سے کشمیر کا ایشو پیچھے چلا گیا لیکن پی ٹی آئی حکومت کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے ساتھ تمام تر اخلاقی تعاون جاری رکھے گی اوران کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی ۔