سوڈان: سابق فوجی صدر کو بد عنوانی پر سزائے قید

244

 

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان کی ایک عدالت نے سابق صدر عمرالبشیر کو بدعنوانی اور غیرقانونی طور پر غیرملکی کرنسی رکھنے کے ایک مقدمے میں 2 برس قید کی سزا سنا دی۔ خبررساں اداروں کے مطابق جج نے ہفتے کے روز اپنے حکم میں لکھا کہ 75 سالہ معزول صدر کو ان کی پیرانہ سالی کے باعث کسی جیل میں قید نہیں کیا جائے، بلکہ انہیں ایک اصلاحی مرکز میں بھیجا جائے۔ اس وقت انہیں خرطوم کی الکوبر جیل میں رکھا جارہا ہے اور وہیں سے انہیں سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری کی معیت میں عدالتوں میں پیشی کے لیے لایا جاتا ہے۔ جج نے عمر حسن البشیر کی برطرفی کے وقت ان کی قیام گاہ سے برآمد ہونے لاکھوں یورو اور سوڈانی پاؤنڈ ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ سابق صدر عدالت میں پیشی کے وقت روایتی سفید لباس میں ملبوس تھے اور پگڑی پہنے ہوئے تھے۔ وہ ملزموں کے لیے مخصوص لوہے کے پنجرے سے اپنے خلاف خاموشی سے فیصلہ سنتے رہے تھے۔ ان کے خلاف غیرملکی کرنسی رکھنے کے الزام میں جون میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی اور اپیل کی مدت گزرجانے کے بعد عدالت میں کرپشن اور غیر ملکی کرنسی رکھنے کے الزامات میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ سوڈان کی حکمراں فوجی کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان نے مئی میں بتایا تھا کہ عمرالبشیر کی رہایش گاہ سے11 کروڑ 30 لاکھ ڈالرمالیت کی 3 کرنسیوں میں نقدی برآمد ہوئی تھی۔ پولیس، فوج اور سیکورٹی ایجنٹوں کی ایک ٹیم نے معزول صدر کی قیام گاہ سے70 لاکھ یورو یعنی 78 لاکھ ڈالر، ساڑھے 3 لاکھ ڈالراور 5 ارب سوڈانی پاؤنڈز برآمد کیے تھے۔ ان کے خلاف کئی دوسرے مقدمات بھی چلائے جارہے ہیں۔ مئی میں مظاہرین کی ہلاکتوں کے الزام میں ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ منگل کے روز انہیں پراسیکیوٹرز کی ایک کمیٹی کے روبرو پیش کیا گیا تھا، جہاں ان سے 1989ء میں منتخب حکومت کے خلاف فوجی بغاوت برپا کرنے پر پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔ وہ اس بغاوت کے نتیجے میں برسراقتدارآئے تھے۔ دوسری جانب عمر البشیر کی اہلیہ اور سابق خاتون اول وداد با بکر کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے خلاف بھی کرپشن کے الزامات میں تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ عمر البشیر کی اہلیہ پر بدعنوانی اور لوٹ مار کے مقدمات کی سماعت کی جا رہی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ان کیپہلی اہلیہ فاطمہ خالد کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے سوڈانی عوام کی طرف سے ان کی ہمدردی اور رواداری کا زبردست فائدہ اٹھایا۔ عمرالبشیر کی دوسری بیوی وداد بابکر ایک میجر جنرل کی بیوہ ہے۔