کرکٹ نہ کھیلتا تو پاک فوج میں جاتا ، جاوید میانداد

166

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاویدمیانداد ملک میں ہردلعزیز شخصیت ہیں جن کے کرکٹ میدانوں میں کارنامے بھلائے نہیں جاسکتے، کرکٹ ان کا جنون اور پاک فوج ان کی محبت ہے۔62سالہ جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ان کے دل میں فوج کے لیے بہت محبت ہے،وہ اگر کرکٹر نہ بنتے تو فوج میں ہی جاتے۔خیال رہے کہ میانداد ان دنوں فوجی کیپ پہنے دکھائی دیتے ہیں۔ اس کے متعلق استفسار پر انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی مکمل حمایت کرتا ہوں اور اسے خراج تحسین پیش کرنے کے لیے فوجی کیپ پہنتا ہوں۔ کرکٹ کھیلتے وقت بھی جذبہ فوجی والا ہوتا تھا، میں نے یہ دکھایا کہ ملک کیلئے کیسے لڑا جاتا ہے۔ اس سوال پر انہوں نے یہ کیپ کیا بھارتی کرکٹ کپتان ویرات کوہلی کے بھارتی فوجی کیپ پہننے کے جواب میں پہنی، تو ان کا جواب تھا میں نے کرکٹ کسی کو دیکھ کر نہیں سیکھی۔ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے پر وزیر اعظم عمران خان سے اختلافات ہیں تاہم ان سے بات ہوتی رہتی ہے لیکن اس مرتبہ اسلام آباد آمد کے موقع پر ملاقات نہیں ہوئی،ہ پنڈی ٹیسٹ دیکھنے کیلئے بطور مہمان مدعو کرنے پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے شکرگذار ہیں۔ خیال رہے کہ جاوید میانداد نے 2روز قبل صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات میں بھی فوجی کیپ سر پر سجا رکھی تھی۔