امریکی سینیٹ کی قرارداد نے تعلقات خطرے میں ڈال دیے‘ ترکی

85

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی نے امریکی سینٹ میں آرمینی باشندوں سے جنگ کو قتل عام قرار دینے سے متعلق بل کی منظوری پر تنبیہ کی ہے کہ اس قرارداد سے واشنگٹن اور انقرہ کے درمیان تعلقات خطرے سے دوچار ہوسکتے ہیں۔ ایوان صدر کے ترجمان فخرالدین الٹن نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی کانگریس کے ارکان کا رویہ ترکی اور امریکا کے تعلقات کے لیے نقصان دہ ہے۔ اس فیصلے پر ووٹ ڈالنے والے سیاستدانوں کو تاریخ میں ان عہدے داروں کے طور پر یاد رکھاجائے گا جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دراڑیں پیدا کردیں۔ وزارت خارجہ کا بھی اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ امریکی سینیٹ کا آرمینی جنگ کو نسل کشی قرار دینا شرمناک حرکت ہے۔ یاد رہے کہ امریکی سینیٹ نے جنگ عظیم اول کے دوران عثمانی فوج کے ہاتھوں آرمینیا ئی باشندوں کی ہلاکتوں کو قتل عام قرار دیا تھا۔