بی آر ٹی پشاور منصوبے کی تحقیقات ایف ائی آے نے شروع کر دیں

812

پشاور: ایف ائی آے نے عدالتی احکامات پر پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے ایڈیشنل ڈائریکٹر کی سربراہی میں 5 رکنی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جس نے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر میاں سعید کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے لئے تکنیکی ماہرین کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عدالتی احکامات کے مطابق تمام 35 سوالات پرتحقیقات کی جائے گی،  کوشش کریں گے کہ 45 دن میں بنیادی نکات کی نشاندہی کرلیں۔

یاد رہے گزشتہ ہفتے پشاور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو بی آر ٹی پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کی انکوائری 45 دن میں مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ بی آر ٹی منصوبہ کا آغاز 29 اکتوبر 2017 کو ہوا تھا، منصوبہ کا ٹھیکہ مقبول کالسنز کنسٹرکشن کمپنی کو دیا گیا جو کہ بلیک لسٹ کمپنی ہے، دو سال گزر جانے کے باوجود تاحال منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔