امریکا میں جھڑپ‘ پولیس افسر سمیت 6افراد مارے گئے

195
نیوجرسی: امریکی پولیس اور کمانڈوز نے جھڑپ کے مقام کو گھیرے میں لے رکھا ہے

ٹرینٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست نیو جرسی میں پولیس اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔ ریاست نیو جرسی کے شہر جرسی سٹی میں 4گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا اور 2مسلح حملہ آوروں کے ساتھ 3 شہری بھی ہلاک ہوئے۔ جرسی سٹی کے پولیس چیف مائک کیلی نے بتایا جھڑپوں کے واقعات 2مقامات پر پیش آئے۔ پہلا حملہ ایک قبرستان کے نزدیک کیا گیا اور اس کے بعد ایک یہودی سپر مارکیٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ مائک کیلی نے بتایا کہ افسران اور مشتبہ حملہ آوروں کے درمیان ابتدائی فائرنگ قبرستان میں ہوئی، جہاں پولیس افسر جوسیلس گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔ حملہ آور اس کے بعد چوری کے ایک ٹرک میں یہودی سپر مارکیٹ پہنچے اور مارکیٹ کے اندر فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ لاشوں کے حلیے سے معلوم کیا گیا کہ ان میں 2حملہ آور بھی شامل ہیں۔فائرنگ کے تبادلے میں 2پولیس افسران اور ایک شہری زخمی بھی ہوا، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ سٹی پولیس کے ترجمان جیمس شیا کا کہنا تھا کہ واردات کے پیچھے فوری طورپر دہشت گردی کا ہاتھ نظر نہیں آتا ہے تاہم تمام پہلوؤں کی شامل تفتیش کیا گیا ہے۔ دوسری طرف جرسی شہر کے میئر اسٹیون فلوپ نے ٹوئٹر پر کہا کہ ابتدائی تفتیش سے واضح ہوتا ہے کہ حملہ آوروں کا ہدف یہودی مارکیٹ ہی تھی۔ ادھر صدر ٹرمپ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔