آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان کے طلبہ کی’’میری دھرتی میرے لوگ‘‘تصویری نمائش

108

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے نوجوانوں نے اقوام عالم سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے زیرانتظام مقبوضہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کی آزادی کی آرزو کی تکمیل کے لیے ان کی مدد کریں اوروحشیانہ مظالم کے شکار کشمیری نوجوانوں کو بھارتی حکومت کے غاصبانہ تسلط اور وحشیانہ مظالم سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے نوجوانوں نے اپنے ان جذبات اوراحساسات کا جذباتی اظہار پاکستان نیشنل آرٹس کونسل میں’’میری دھرتی میرے لوگ‘‘ کے عنوان کے تحت تصویر ی نمائش میں اپنے فن پاروں کے ذریعے کیا۔ اس نمائش میں آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے حسین مناظر کو کیمرے کی آنکھ کے ذریعے آشکار کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ جنت نظیر وادی کشمیر کا پورا علاقہ انتہائی حسین نظاروں کا امین شاندارخطہ ہے، اس تصویری نمائش کا بنیادی مقصد دوردراز کے علاقوں کے نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتیوں کو اجاگر کرکے انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم کرانا ہے۔ نوجوانوں نے اس نمائش میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے تاریخی نقوش اور خطے کی روایتی ثقافت کے قدرتی پہلوؤں کو اجاگر کیا ہے۔ نمائش میں شریک نوجوانوں نے متاثر کن تصورات کے تحت اپنے خطے کے نوجوانوں کی خداداد صلاحیتیوں کو اجاگر کرنے اور مزید فروغ دینے کے لیے شاندار عملی تعاون اور بہترین پذیرائی پر ایس سی او کے کردار کی بھی تعریف و تحسین کی۔ آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے نوجوانوں نے اپنے فن پاروں کے ذریعے بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ وادی کے عوام کو بی جے پی کی انتہاپسند متعصب حکومت کے وحشیانہ مظالم سے نجات دلانے کے لیے اپنی انسانی اور اخلاقی ذمے داریاں پوری کرے۔ فوٹو گرافی کے مقابلے میں جیتنے والے نوجوانوں کو انعامات سے نوازا گیا، نمائش کل 13 دسمبر تک جاری رہے گی۔