خیبر پختونخوا حکومت کا15ہزار مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ

566

پشاور(آن لائن)نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن اور صوبائی ہاؤسنگ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ہوئی، معاہدے کے تحت پشاورکوہاٹ روڈ پر سوڑیزئی کے مقام پر8500کنال اراضی پر ہائوسنگ سوسائٹی قائم کی جائے گی ۔ مفاہمتی یادداشت کی تقریب میںوزیراعلیٰ محمود خان اوروفاقی وزیر برائے ہائوسنگ چودھری طارق بشیر چیمہ موجود تھے ۔ ہائوسنگ سوسائٹی کے قیام پر 97 ارب روپے کی لاگت آئے گی جس میں مختلف سائز کے 15500 گرے اسٹرکچر مکانات تعمیر کیے جائیں گے، منصوبہ 3 برس میں مکمل ہوگا۔ وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اراضی کی مجموعی لاگت 1.03 ارب روپے ہے جو پہلے ہی خریدی جاچکی ہے ،صوبائی حکومت چار دیواری کی تعمیر کے لیے 32 ارب روپے ،منصوبے کی مکمل فعالیت کے لیے 500 ملین روپے اورسول ورک کے لیے 14 ارب روپے درکار ہوں گے۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اس پراجیکٹ میں ایک کنال رقبے پر31 مساجد ،2 کنال پر اسکولوں کیلیے 31 پلاٹ ، 10 کنال پر ایک کالج ، 31 ڈسپنسریاںجو کہ ہر ایک ڈسپنسری ایک کنال رقبے پر محیط ہوگی ،10کنال ایک اسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔ 100 کنال پر ایک میگا پارک کی تعمیر اور16 کنال پر کمیونٹی سینٹر ز بھی ہائوسنگ سوسائٹی کا حصہ ہوں گے ۔