سری لنکن ٹیم کیساتھ ملک میں ٹیسٹ میچ کا دوبارہ آغاز باعث مسرت ہے، وزیر اعظم

326

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے آفیشلز نے ملاقات کی۔جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم کے ساتھ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کا دوبارہ آغاز باعث مسرت ہے۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اورسری لنکا کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک کے درمیان بدھ کو ایوان صدر میں ملاقات ہوئی ۔صدر مملکت نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیا اور کہا کہ 2009ء کے بعد پہلی مرتبہ سری لنکا کی ٹیم عالمی ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے لیے پاکستان آئی ہے جس سے پاکستان میں کرکٹ کا احیاء ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے طلبہ کو پاکستان میں وظائف دینے پر ہمیں فخر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بدھ مت تہذیب و تمدن کا گھر ہے، پاکستان میں ہر سال بیساکھی کا تہوار منایا جاتا ہے جس میں سری لنکا سے بدھ راہب اور ماہرین تعلیم شرکت کے لیے آتے ہیں۔ صدر نے نامزد سفیر کو سیاحت کے فروغ کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیااور امید ظاہر کی کہ ان کے دورسفارت میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات میں توانائی آئے گی۔دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نیبدھ کو تصویری نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاک فوج اور قوم کی کوششوں سے دہشت گردی کو شکست ہوئی ہے اورسیکورٹی صورتحال بہتر ہونے کے باعث ملک میں سیاحت کو فروغ ملا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیریوں پر مظالم ڈھارہا ہے، بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں، آزاد کشمیر کے خوبصورت مناظر کی تصویروں کے ذریعے جو منظر کشی کی گئی ہے اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا۔