بگرام : امریکی فوجی بیس پر حملہ، خاتون سمیت2ہلاک‘ 73زخمی

906
بگرام: پروان صوبے میںغیرملکی فوجی بیس کے قریب دھماکوںسے متاثرہ عمارت کا ملبہ بکھڑا پڑا ہے

بگرام(خبرا یجنسیاں)افغانستان کے ضلع بگرام میں امریکا کے مرکزی ملٹری بیس کے باہر طالبان کے خودکش حملے کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد ہلاک اور 73 سے زائد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق مقامی حکام نے کہا کہ علی الصباح ہونے والے حملے میں ایک خودکش بمبار نے پروان صوبے کے ضلع بگرام میں امریکی ملٹری بیس کے قریب زیر تعمیر اسپتال کی عمارت کے باہر بارودی مواد سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔حکام نے کہا کہ اس کے بعد 7 مسلح افراد جن میں سے چند نے خودکش جیک پہن رکھی تھی، زیر تعمیر عمارت میں داخل ہوئے اور قریب واقع امریکی ملٹری بیس پر حملے کے لیے اسے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی۔حملے کے تقریباً 10 گھنٹے بعد افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے کہا کہ 3 حملہ آور فورسز سے لڑائی کے دوران مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار کے دھماکے سے خاتون سمیت 2 افراد ہلاک اور 73 زخمی ہوئے جبکہ دھماکے سے 300 میٹر کے دائرے میں موجود گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔بعد ازاں طالبان کے ترجمان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملے میں درجنوں امریکی اور افغان فوجی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے۔اپنے واٹس ایپ پیغام میں ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے نے کہا کہ جنگجوؤں نے بگرام بیس کے باہر ٹرک کو دھماکے سے اڑایا لیکن اس سے انکار کیا کہ جنگجواسپتال کے اندر موجود ہیں۔افغان اور امریکی حکام نے ابتدائی طور پر اس کی تصدیق نہیں کی کہ حملے میں ٹرک بم استعمال کیا گیا۔نیٹو کے ریزولیوٹ سپورٹ مشن کے اپنے بیان میں کہا کہ ‘حملے کو ناکام بنا دیا گیا لیکن اسپتال کی زیر تعمیر عمارت کو بْری طرح نقصان پہنچا۔بیان میں کہا گیا کہ حملے میں امریکی اور اتحادی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم جارجیا کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ حملے میں ان کے پانچ فوجی معمولی زخمی ہوئے۔واضح رہے کہ حملہ آوروں نے اْسی ائر بیس کو نشانہ بنایا ہے جہاں کا کچھ دن قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک دورہ کیا تھا۔