آرمی چیف سے برطانوی ہائی کمشنر اور روسی وزیر صنعت کی ملاقات

387
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی+ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں حال ہی میں اپنی ذمے داریاں سنبھالنے والے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر کو خوش آمدید کہا اور بطور برطانوی ہائی کمشنر پاکستان میں ذمے داریاں سنبھالنے پر ان کے لیے نیک خواہشات کااظہار کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دوسری جانب آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے روسی وزیر صنعت وتجارت ڈینس ویلنٹی نووچ منٹروو نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران خطے میں امن واستحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔