سخت سیکورٹی میں پاک سری لنکا پہلا ٹیسٹ آج شروع ہوگا

376
راولپنڈی: پاکستان اورسری لنکن ٹیم پریکٹس کرتے ہوئے ،اس موقع پر فضائی نگرانی کی جارہی ہے

راولپنڈی (جسارت نیوز ) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، سری لنکن ٹیم دیمتھ کرونارتنے کی قیادت میں پاکستان پہنچ چکی ہے، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے پہلے میچ کیلئے پنڈی اسٹیڈیم میں خوب مشقیں کیں ہیں، پہلے میچ کے بارش سے مثاثر ہونے کے امکانات بھی ہیں، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 15 سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے، اس سے قبل 2004 میں پنڈی میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، یہ میچ پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا اس میچ میں گرین شرٹس کو اننگز اور 31 رنز سے شکست ہوئی تھی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی، پاکستان کی ٹیم کے پاس ٹیسٹ کی عالمی رینکنگ میں اوپر جانے کا سنہری موقع ہے، پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکا ٹیم فیوچر ٹور پروگرام میں شامل ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ چکی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے دوران سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ راولپنڈی کرکٹ ا سٹیڈیم کے اطراف میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، 42 سو کے قریب سیکیورٹی افسران اور ملازمین تعینات کئے گئے ہیں، اسٹیڈیم کی سیکیورٹی پاک فوج نے سنبھال لی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم دیمتھ کرونارتنے کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ گرین شرٹس کی قیادت اظہر علی کرینگے۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہونگے، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹیبل پر سری لنکن ٹیم ایک میچ جیت کر 60 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم تا حال کوئی میچ نہیں جیت سکی اور نہ ہی پوائنٹس ٹیبل پر کوئی کھاتہ کھول سکی ہے۔ واضح رہے کہ2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 19 سے 23 دسمبر نیشنل کرکٹ ا سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دیمتھ کرونارتنے سری لنکن ٹیم کی قیادت کرینگے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں انجیلو میتھیوز، چندیمل، کوسال پریرا، نیروزن ڈکویلا، سنداکان، کاسون راجتھا، وشوا فرنینڈو، لاہیرو کمارا، لاستھ ایمبولدینیا، دلروان پریرا، دھنجایا ڈی سلوا، لاہیرو تھریمانے اور اوشاندہ فرنینڈو شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ابتدائی ٹیسٹ کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا سلسلہ بھی جاری ہے، سیریز کے لئے ٹکٹوں کی مالیت صرف50روپے مقرر کی گئی ہے، پی سی بی نے ملک میں 10 سال بعد طویل فارمیٹ کے کھیل کی واپسی پر جاوید میانداد اور بندولاورناپورا کو بطور مہمان خصوصی راولپنڈی ٹیسٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ دونوں سابق کپتانوں کی کرکٹ کیلئے خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔