تجارتی تعلقات کو مزید بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں،ملائیشین قونصل جنرل

157

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کراچی میں تعینات ملائشیا کے قونصل جنرل خیر النزران عبدالرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جوائنٹ وینچر اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے شعبے میں مل کر کام کررہے ہیں، ملائشیا کے سرمایہ کار اور سیاح پاکستان آنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے مابین پائی جانے والی قربت سے دوطرفہ ملکی تعلقات میں بھی گرمجوشی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور مسعود نقی، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین نے کاٹی آمد پر قونصل جنرل کا خیر مقدم کیا۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات پائے جاتے ہیں اور تجارتی تعلقات کو مزید بلندیوں پر لے جانے کے روشن امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعظم ملائشیا مہاتیر محمد مسلم دنیا کے مابین دوستی دونوں ممالک کا سرمایہ ہے، بین الاقوامی فورمز پر ملائشیا کی جانب سے پاکستان کی پُرزور حمایت پر پوری قوم سراپا سپاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتری کے بعد پاکستان کے صنعتی، زرعی اور ایس ایم ای سیکٹر میں ملائشیا کے سرمایہ کاروں کے لیے باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ زبیر چھایا نے کہا کہ باہمی تجارت میں اضافے کے لیے وفود کے تبادلے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس ریلیشن مستحکم کرنے کے لیے دوطرفہ کوششوں میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ مسعود نقی کا کہنا تھا کہ حلال سرٹیفکیشن، زرعی مصنوعات، لائیو اسٹاک اور سی فوڈ کے شعبوں میں دونوں ممالک کے اشتراک سے صنعت و کاروبار کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ قونصل جنرل ملائشیا خیر النزران نے کہا کہ ملائشیا اور پاکستان کے مابین پیٹرولیم کے شعبے میں جوائنٹ وینچر اور آٹوموبیل سیکٹر میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے حوالے سے کام یاب تجربات ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے مابین پائی جانے والی قربت سے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں بھی گرمجوشی پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا سے سرمایہ کار اور سیاح پاکستان آنا چاہتے ہیں اور ہم ان کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ انہوں نے کاٹی کے عہدے داران کو ملائشیا وژن 2020 میں شرکت کی دعوت بھی دی۔