پاکستان اور تھائی لینڈ کے تعلقات میں اضافہ ہورہا ہے، سعید غنی

114

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات ومحنت سعید غنی نے کہا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ پاکستان اور تھائی لینڈ کے تعلقات میں اضافہ ہورہا ہے ،سیاحت اور ثقافت سمیت دیگر شعبوں کے وفود کے تبادلوں سے دونوں ملکوں کو معیشت بہتر بنانے میں مدد ملے گی ،وہ مقامی ہوٹل میں تھائی لینڈ کے قومی دن کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے،اس موقع پر تھائی لینڈ کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل Thatree Chauvachata ٹھاٹری چوویچتا نے بھی اظہار خیال کیا،تقریب میں غیر ملکوں کے سفارتکاروں سمیت بزنس مین اور اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی،سعید غنی نے کہا کہ حکومت سندھ سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کے لئے خصوصی کوشش کررہی ہے،اس موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے،پاکستان کے سی فوڈ کی تھائی لینڈ میں بہت مانگ ہے ،انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ دونوں ملکوں کے درمیان تاجروں سمیت سرمایہ کاروں،فنکاروں اور ہنر مندوں کے وفود زیادہ سے زیادہ دورے ہوں،قونصل جنرل نے کہا کہ کراچی میں تعیناتی فخر کی بات ہے یہاں کے لوگ بہت ملنسار ہیں ،انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ میں ہر سال سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ،پاکستان سے بھی بڑی تعداد میں سیاح تھائی لینڈ جاتے ہیں،انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تھائی لینڈ کے قومی دن میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات کی نشاندہی کرتی ہے۔