کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس نے 3مختلف کارروائیوں میں 4ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزموں میں لیاری گینگ وار کا کارندہ بھی شامل ہے ،ملزم کی نشاندہی پر ایک خالی مکان میں زیر زمین دفن اسلحہ، دستی بم، پستول اور سیکڑوں گولیاں برآمد کرلی گئیں اسلحہ کراچی میں بدامنی کے لیے ذخیرہ کیا گیا تھا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اورنگی ٹائون میں ایک کے کارروائی میں لیاری گینگ وار غفار ذکری گروپ کے کمانڈر سعید کاجل کو گرفتار کرلیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کو خفیہ اطلاع پر مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹائون نمبر10 فقیر کالونی مسقطی محلہ کا محاصرہ کرکے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کرکے گرفتارکیا۔لانڈھی 89 کی ٹمبر مارکیٹ سے اوان بم سمیت گرفتار ہونے والے اسامہ ولد شوکت ربانی کے خلاف لانڈھی تھانے کے افسر رائوسردار محمد کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے اور 5/ 4 ایکسپلوزو ایکٹ کے تحت ایف آئی آر نمبر 19/ 507 درج کر لی گئی ۔ پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ملزم اسامہ کا ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں پہلے بھی گرفتار ہوتا رہا ہے اور حال ہی میں جیل سے ضمانت پر رہا ہوا تھا۔گارڈن پولیس نے ایک کارروائی میں ڈکیتی ورہزنی میں ملوث 2 ملزمان طلحہ اور امجد کوگرفتار کرلیا،ملزمان کے قبضے سے2 ٹی ٹی پستول ،،موبائل فون اورمسروقہ موٹر سائیکل برآمدہوئی ،پولیس کے مطابق عادی مجرم ہیں اور ماضی میں بھی گرفتار ہوچکے ہیں۔