بجلی صارفین کو 242ارب، گیس صارفین کو30ارب اور زرعی شعبے کیلیے 100ارب کی سبسڈی( کابینہ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کردی)

370
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلا س کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت )وفاقی کابینہ نے بجلی صارفین کو 242ارب، گیس صارفین کو30ارب اور زرعی شعبے کے لیے 100ارب روپے کی سبسڈی دینے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیاجس میں کابینہ نے 6 نکات کی منظوری دے دی ۔اجلاس میں حکومت کی 15ماہ کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے وزارت توانائی سے تفصیلی بریفنگ لی۔ وزیراعظم نے بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی ہدایت کردی۔عمران خان نے کہا کہ آئل ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں کا طریقہ کاردرست نہیں، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے طریقہ کارپر نظرثانی کی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی سردیوں میں گیس کی سپلائی بحال رکھی جائے۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اورمتعدد وزراء نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کردی۔اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ بجلی کے 300 یونٹ تک کے صارفین کو 242 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری روکنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی تجویز دی گئی۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہسزا یافتہ مجرموں سے متعلق قانون سازی پر غور کر رہے ہیں، کابینہ اجلاس میں ہیلتھ ریفارمز پروگرام سے متعلق بھی جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ اجلاس نے بھارت میں کی گئی قانون سازی کی مذمت کی، بھارت کے اقدامات نے اس کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔