جماعت اسلامی کا فیس بک کیخلاف مظاہرہ،کشمیریوں کی آوازدبائی نہیں جاسکتی‘ حافظ نعیم

441
جماعت اسلامی کراچی کے فیس بک پیچز بند کیے جانے کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر اسامہ رضی ، زاہد عسکر ی اور سلمان شیخ خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے انڈین لابی کے ایما پرفیس بک کی انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر آواز اٹھانے اور مظلوم و نہتے کشمیریوں کی حمایت کرنے پر جماعت اسلامی کراچی کے آفیشل پیچ بند کرنے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظلوم اور نہتے کشمیریوں کی آواز اور جدوجہد آزادی کو کسی صورت دبا یا نہیں جاسکتا ، ہم مظلوم کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں ،10دسمبر انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع فیس بک پر جماعت اسلامی کراچی کا آفیشل پیج بند کرنا ایک بہت بڑی سازش ہے ،انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں انڈین لابی اور فیس بک انتظامیہ کی اس جانبداری اور متعصبانہ اقدام کا نوٹس لیں ،حکومت پاکستان بھی اس کے خلاف اپنا کردار اداکرے ،کشمیری عوام اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں ، ہم کشمیر کی آواز بنیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’انسانی حقوق کے عالمی دن ‘‘کے موقع پر کشمیریوں کی حمایت کرنے کی پاداش میں جماعت اسلامی کے آفیشل پیچ اور سیکڑوں اکاؤنٹ کی بندش کے خلاف نیو ایم اے جناح روڈ پراحتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور جماعت اسلامی سوشل میڈیا کے انچارج سلمان شیخ نے بھی خطاب کیا ۔ مظاہرے میں جماعت اسلامی کے مرد وخواتین کارکنان نے شرکت کی اور فیس بک انتظامیہ کی کھلم کھلا جانبداری اوربھارت نوازی کے خلاف مظلوم ونہتے کشمیریوں کے سے اظہاریکجہتی کے لیے پُر جوش نعرے بھی لگائے ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ آج مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ریاستی جبر وتشدد کے ساتھ ساتھ مکمل لاک ڈاؤن اورکرفیو کو 128دن ہوچکے ہیں ، وہاں مکمل طور پر زندگی مفلوج کردی گئی ہے ،آج 10دسمبر انسانی حقوق کے عالمی دن پرمظلوم کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ،کشمیریوں کی جدوجہد اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہے ،جماعت اسلامی نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 22دسمبر کو اسلام آباد میں زبردست مارچ کا اعلان کیا ہے،ان شاء اللہ 22دسمبر کواسلام آباد میں جماعت اسلامی کی جانب سے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور کشمیریوں کے لیے آواز بلند کی جائے گی ۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ، فیس بک ہو یا پھر کوئی اور ادارہ ،کشمیر کے مسئلے پر اٹھائی جانے والی آواز کو روکنے کی کوشش پاکستان کے خلاف سازش سمجھی جائے گی،کشمیری بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جدوجہد کررہے ہیں ،ہم وزیر اعظم پاکستان سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ فیس بک انتظامیہ کی جانب سے جماعت اسلامی کراچی کے آفیشل پیج کی بندش کے خلاف فوری طور پر اپنا مؤقف واضح کریں اور پاکستان میں فیس بک اکنامک پیج کے استعمال پر فوری پابندی کا اعلان کریں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک جماعت اسلامی کے آفیشل پیج بحال نہیں کیے جاتے اس وقت تک تمام فیس بک رائٹس کو بند کیا جائے اور فوری طور پر فیس بک کے دفتر کو نئی دہلی سے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مظلوم و نہتے کشمیریوں کے ساتھ ہے اور کشمیریوں کی آواز کو ہر گز دبانے نہیں دیا جائے گا۔