بھارتی شہریت کا نیا قانون فسطائی مودی سرکار اور آر ایس ایس نظریے کا حصہ ہے،وزیر اعظم

340

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی لوک سبھا میں شہریت سے متعلق قانون سازی فسطائی مودی سرکار اور آر ایس ایس نظریے کا حصہ ہے۔

 وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا ہے کہ بل بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کے منافی ہے، فسطائی مودی سرکار اور آر ایس ایس نظریے کا حصہ ہے، مقبوضہ کشمیر پر 4 ماہ سے جاری بھارتی قبضے کی مذمت کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر دنیا کی توجہ کشمیر کی طرف کرانا ہوگی، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی محاصرے کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین کے رکھوالے بھارت کے غاصبانہ قبضے کا نوٹس لیں، سلامتی کونسل کشمیر کے غیر قانونی الحاق پر بھارت کیخلاف اقدام کرے۔

وزیر اعظم  نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جانے کا سلسلہ رکوایا جائے، حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کرنیوالے کشمیریوں کے ساتھ ہیں، حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنیوالوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا نبی اکرمؐ نے انسانی حقوق کے تحفظ کا پیغام 1400 سال پہلے دیا، انسانی حقوق کے عالمی دن پر نبی اکرمؐ کا پیغام یاد رکھنا چاہیئے، حکومت بلا تفریق تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔