سندھ میں گورنر راج نہیں لگارہے ،عمران اسماعیل

456
سکھر، گورنر سندھ عمران اسماعیل کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

سکھر (نمائندہ جسارت)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کی باتوں کی تردید کرتے ہوئے اسے قیاس آرائیاں قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس میں سندھ حکومت کے خلاف کوئی سازش نہیں ہورہی ہے اور نہ حکومت کا کوئی ایسا پروگرام ہے ایڈونچر کرنے کا اور نہ ہی میری کبھی سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے صدر یا وزیر اعظم سے بات ہوئی تاہم اگر کسی نے وزیر اعظم بننے کے لیے شیروانی تیار کرائی ہے تو اس کی یہ حسرت دل میں ہی رہ جائے گی۔ شیروانی تیار کرانے کی باتیں لطیفہ ہیں۔ ان ہاؤس تبدیلی کی باتیں کرنے والے خواب خرگوش کے مزے لیں ۔سندھ میں پیپلز پارٹی کے اندر کوئی فارورڈ بلاک بن رہا ہے تو وہ پیپلز پارٹی جانے باقی کسی فارورڈ بلاک کا ہم سے کوئی رابطہ نہیں ،ہم مریم نواز کو کسی طور باہر نہیں جانے دیں گے باقی کام  عدالت کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جتوئی ہائوس سکھر میں پی ٹی آئی رہنمائوں حلیم عادل شیخ ، حاجی دیدار خان جتوئی ، مبین جتوئی ، سردار پپو خان چاچڑ ، سید طاہر حسین شاہ و دیگر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کرنا ہر رکن پارلیمان کا حق ہے اور پچھلے دنوں اسلام آباد میں سندھ کے ارکان نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اس میں انہوں نے وفاقی اداروں کی عوام کے ساتھ زیادتیوں کا ذکر کیا اور اپنے گلے شکوے کیے جن پر وزیر اعظم نے ایکشن بھی لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی خود حکومت سندھ نے لگوائے ہیں اگر حکومت سندھ کو ان کے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو وہ وزیراعظم سے بات کریں۔
عمران اسماعیل