کرپشن کے خاتمے کیلیے بلاتفریق اقدامات کررہے ہیں‘ ناصر حسین

112
کراچی:انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر نکالی گئی واک میں صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ ودیگر شریک ہیں

کراچی (آن لائن) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت بلاتفریق اقدامات کررہے ہیں، بدعنوانی ختم کیے بغیر عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا، کرپشن فری صوبہ بنانا مقصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اینٹی کرپشن کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات روشن علی شیخ و دیگر بھی موجود  تھے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ کرپشن ناصرف معاشرے کا ناسور ہے بلکہ یہ دیمک کی طرح اداروں کو اندر ہی اندر کھوکھلا کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کے لیے عوام اور میڈیا سمیت تمام جماعتوں اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دیگر اداروں کی طرح بلدیاتی اداروں سے بھی کرپشن کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ انسداد رشوت ستانی بلاتفریق اقدامات میں مصروف ہے۔ جب تک صوبہ کرپشن فری نہ ہوگا اور اداروں سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا اس وقت تک نہ ہی عوام کو ریلیف مل سکتا ہے نہ ہی لوگوں کو جائز کام ہوسکتے ہیں اور نہ ہی ہمارا ملک ترقی کرسکتا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ صوبے سے کرپشن کا مکمل خاتمہ ہو۔ صوبہ کرپشن فری ہو بلکہ پورا ملک کرپشن فری ہو تو عوام کو بڑا ریلیف مل سکتا ہے اور پریشان حال لوگوں کے مسائل فوری حل ہوسکتے ہیں۔
ناصر حسین شاہ