ایچ ڈی اے شعبہ واسا کے مالی بحران کو حل کیا جائے، شکیل احمد شیخ

115

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) این ایل ایف حیدر آباد زون کے صدر شکیل احمد شیخ، سنیئر نائب صدر عبدالجبار قریشی، نائب صدر اختر غلام علی، جنرل سیکرٹری اعجاز حسین، انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں سید مراد علی شاہ وزیر اعلیٰ سندھ، سید ناصر حسین شاہ وزیر بلدیات سندھ اور ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ ایچ ڈی اے شعبہ واسا کے مالی بحران کو حل کرنے کی طرف توجہ دیتے ہوئے حکومت سندھ کی جانب واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے بقایا جات ادا کرتے ہوئے شعبہ واسا کے مالی وسائل کو بہتر بنانے کے لیے فنانس اینڈ کمرشل کے شعبہ میں بنیادی اصلاحات کے لیے اقدامات کرنے کی طرف توجہ دیں، تا کہ واسا کے ملازمین کو بروقت ماہانہ تنخواہیں، پنشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی ہوسکے، اب جبکہ مستقل ملازمین کی7ماہ کی تنخواہیں، پنشن اور ورک چارج ملازمین کی 9 مہینے سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے ملازمین کے 1800 سے زائد خاندان بھوک، افلاس اور فاقہ کشی کی زندگی گزار رہے ہیں، جس کی وجہ سے شعبہ واسا کے ملازمین مسلسل احتجاج کررہے ہیں مگر آج تک سندھ حکومت اور ایچ ڈی اے انتظامیہ اس طرف توجہ نہیں دے رہی، جس کی وجہ سے ملازمین میں شدید اشتعال پھیل رہا ہے۔ حکومت سندھ اور ایچ ڈی اے انتظامیہ نے ان مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل نہ کیا تو نیشنل لیبر فیڈریشن ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے مطالبات پر پورے صوبے میں احتجاج کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا، جس کے بعد حالات کی تمام تر ذمے داری حکومت سندھ اور ایچ ڈی اے انتظامیہ پر عائد ہوگی۔