کوٹری :سول اسپتال میں زائد المیعاد انجکشن استتعمال کرنیکا انکشاف

100

کوٹری (نمائندہ جسارت) سول اسپتال کوٹری میں زائد المیعاد انجکشن مریضوں کو لگانے کا انکشاف، ایم ایس معاملے سے بے خبر، اسپتال انتظامیہ کی لاپروائی وغفلت سے انسانی زندگیاں دائو پر لگ گئیں، ڈپٹی کمشنر جامشورو نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا، شہری وسماجی حلقوں کا غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ۔ سول اسپتال کوٹری میں زائد المیعاد انجکشن مریضوں کو لگانے کا انکشاف ہوا ہے۔ گزشتہ رات کے اوقات میں سول اسپتال کوٹری کے شعبہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں مریضوں کو وٹامن کے انجکشن لگانے کے لیے وافر مقدار رکھی ہوئی تھی، جو کہ عام مریضوں کو وٹامن کی کمی کو پورا کرنے کے لیے لگائے جارہے تھے، جس کی نشاندہی کرنے پر ڈیوٹی ڈاکٹر اور کمپائونڈر نے فوری زائد المیعاد انجکشن کو اسپتال سے غائب کردیا۔ اسپتال انتظامیہ کی مبینہ غفلت و لاپروائی کے سبب مذکورہ انجکشن لگائے جارہے تھے، جس سے انسانی زندگیوں کو کسی بڑے خطرے کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا تھا۔ اس سلسلے میں جب ایم ایس حفیظ آرائیں سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے معاملے سے مکمل لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال سے متعلق بے بنیاد اور غلط خبریں پھیلائی جاتی ہیں، پہلے بھی اسپتال میں ادویات جلانے سے متعلق خبریں نشر ہوئی تھیں مگر تحقیقات میں معلوم ہوا تھا وہ اسکریپ تھا، جس میں کسی نے جان بوجھ کر ادویات ڈال دی تھیں، زائد المیعاد ادویات سے متعلق حکام کو لیٹر لکھ کر آگاہ کرچکے ہیں اگر کوئی ادویات وارڈ میں تھی تو ذمے دار کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جامشورو کو تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ڈی سی جامشورو نے بتایا کہ انہوں نے زائد المیعاد انجکشن سے متعلق تحقیقات کے لیے ڈی ایچ او جامشورو کو کہا ہے اور غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد کو انسانی زندگی سے کھیلنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جاسکتی۔ حکومت شہریوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولت مہیا کررہی ہے۔