حکمرانوں کی ذاتی مفادات پر مبنی پالیسیوں نے ملک کو نقصان پہنچایا ، جاوید قصوری

77

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں بلا تفریق کڑے احتساب کی خواہش مند ہے اور اس حوالے مسلسل سے جدوجہد کررہی ہے۔ پاک صاف، محب وطن اور پڑھی لکھی قیادت ہی پاکستان کا مستقبل سنوار سکتی ہے۔ حکمران حقیقی معنوں میں ایسی پالیسیاں بنائیں جو ملک وقوم کے لیے بہتر ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن نے پورے نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔ حکمرانوں کی غلط اور ناقص حکمت عملی، ذاتی مفادات پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان آج مسائلستان بن چکا ہے۔ لوگوں کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ ملکی معیشت تباہ وبرباد ہوچکی ہے۔ ریلیف کے نام پر مذاق کیا جارہا ہے، قرضوں کا سہارا لے کر ناقص پالیسیوں کے ذریعے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ کچن کیبنٹ میں ہونے والے فیصلے ملک وقوم کے لیے سود مند نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل پہلی مرتبہ برسر اقتدار افراد سے شروع ہوا تھا۔ پاناما لیکس میں دیگر 436 پاکستانیوں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جب تک کرپٹ عناصر کا محاسبہ اور لوٹ مار کی دولت پاکستان واپس نہیں لائی جاتی ہم ترقی وخوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ مٹھی بھر اشرافیہ ملک وقوم کی تقدیر کی مالک بنی بیٹھی ہے۔ اہم معاملات پر پارلیمنٹ کو بائی پاس کرنے کی روایات ہنوز جاری ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ رہی سہی کسر مہنگائی اور بے روزگاری نے پوری کردی ہے۔ پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ نوکریاں نہ ملنے کی وجہ سے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جرائم کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ اور لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔