نیوزی لینڈ میں آتش فشانی سے 5 افراد ہلاک

132
نیوزی لینڈ: آتش فشانی کے بعد سیاحوں کو کشتیوں کے ذریعے جزیرے سے نکالا جارہا ہے

ولنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) نیوزی لینڈ کے معرف سیاحتی مقام وائٹ آئی لینڈ پر اچانک آتش فشاں پھٹنے سے 5افراد ہلاک ہوگئے۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پہاڑ سے نکلنے والے سے لاوا کی حدت کے باعث متاثرہ مقام کے آس پاس امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ آتش فشاں کے پھٹنے کے وقت 50سے زائد افراد جزیرے پر موجود تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 23افراد کو زخمی حالت میں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا،جب کہ 27سیاح لاپتا ہیں۔ زخمیوں میں 7افراد کی حالت تشویشناک ہے اور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔امدادی سرگرمیوں کے لیے ہیلی کاپٹر کو بھی طلب کر لیا گیا ہے اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ جزیرے پر کئی سیاحوںکو تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد اور نگہداشت کا یقین دلایا۔ خبررساں اداروں کے مطابق وائٹ آئی لینڈ کی سطح سے 10ہزار فٹ کی بلندی تک لاوا اور راکھ کے باد ل اٹھ رہے ہیں،جس سے آتش فشاں کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ گزشتہ ہفتے ارضیاتی خطرات کی نگرانی کرنے والے ادارے کی ویب سائٹ جیونیٹ پر وائٹ آئی لینڈ آتش فشاں کے پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، تاہم اس میں سیاحوں کے لیے کسی طرح کا انتباہ جاری نہیں کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے شمالی آئی لینڈ سے 48 کلومیٹر کی مسافت پر وائٹ آئی لینڈ واقع ہے۔ جزیرے پر پھنسنے والے سیاح وہاں آتش فشاں کے پھٹنے کا منظر دیکھنے کے لیے آئے تھے۔