ای سی ایل : مریم نواز کی درخواست مسترد

159

 

لاہور(نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔ عدالت عالیہ نے درخواست گزار کو وزارت داخلہ سے رجوع کرنے اور حکومت کو یہ معاملہ 7روز میں نمٹانے کا حکم دے دیا۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت مریم نواز کے وکیل
نے موقف اپنایا کہ مریم نواز پر کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کا الزام لگا کر نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا لیکن مریم نواز کا موقف نہیں سنا گیا، جو کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ آرڈیننس کی خلاف ورزی کی ہے۔جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس کہ آرڈیننس کے سیکشن 3 کے تحت آپ وفاقی حکومت کے سامنے ریویو فائل کر سکتے ہیں جس پر وکیل نے کہا کہ مریم نواز نے ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے حکومت کو کوئی درخواست نہیں دی،مریم نواز کو سنے بغیر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا لہٰذا عدالت سے بہتر ہمارے پاس کوئی فورم نہیں، عدالت حکومت کو درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے۔لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ کابینہ کی ریویو کمیٹی 7 روز میں اس پر فیصلہ کرے۔دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کا پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست پر 16 دسمبر کے لیے نوٹس جاری کردیے۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے نیب کے ہاتھوں اپنی گرفتاری کے خلاف درخواست ضمانت لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردی ہیں جس میں انہوں نے چیئرمین نیب سمیت مختلف اداروں کے افسران کو فریق بنایا ہے۔

آرمی چیف ترمیم کا حصہ نہین بنیں گے ، ن لیگ

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) لندن میں لیگی قائد نوازشریف کے گھر پر حملے کے بعد (ن) لیگ نے شدید ردعمل میں آرمی چیف کی توسیع سے متعلق ترمیم اور چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر اہم معاملات پرقانون سازی کا حصہ نہ بننے کا اعلان کردیا۔پیر کو قومی اسمبلی میں دھواں دھار خطاب میں ن لیگ کے سینئررہنما خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن کمشنر سمیت دیگر معاملات میں قانون سازی کاحصہ نہیں بنیں گے کیوں کہ موجودہ صورتحال میں رابطے جاری نہیں رکھے جا سکتے۔لیگی رہنما نے مخالفین کو خبرارکرتے ہوئے کہا کہ سیاسی دشمنی کو
ذاتی دشمنی میں تبدیل نہ کریں، یہ سلسلہ شروع ہو گیا تو بند نہیں ہوگا، ہمارے قائد کے گھر پر حملہ ہوسکتا ہے تو ہمیں بھی سب کے گھروں کا پتا معلوم ہے، ہم ایسے رویے والے چہرے بھولیں گے نہیں، دشمنیاں نبھانا جانتے ہیں، حکمران گونگے بہرے ہیں، ایسے رویوں سے تشدد کی لہر شروع ہوگی۔خواجہ آصف نے کہا نواز شریف یا کسی سیاست دان کو یا ان کے گھر کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کی گئی تو پھر ویسا ہی جواب دیں گے اور آخری حد تک پیچھا کریں گے، نواز شریف کے گھر پر حملہ ہمارے لیے جنگ کا پیغام اور اس سے سارا نظام لپیٹا جائے گا۔بعد ازاں ن لیگ کے رہنماؤں نے ساتھیوں کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پراحتجاج بھی کیا۔