اگلے 4 سال تک یاد دلاتا رہوں گا ہمیں کس طرح کا پاکستان ملا ، وزیر اعظم

203
اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان کرپشن کے خلاف موبائل ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگلے 4 سال تک یاد دلاتا رہوں گا کہ ہمیں کس طرح کا پاکستان دیا گیا۔اسلام آباد میں نیشنل سائنس ٹیکنالوجی پارک کے افتتاح کے موقع پر انہوںنے کہا کہ لوگ کہتے تھے کہ آپ نے فواد چودھری کو وزیر بنادیا ہے، آپ سائنس اور ٹیکنالوجی کو سنجیدہ نہیں لے رہے، ایک اچھے کپتان کو علم ہوتا ہے کس کھلاڑی کو کس نمبر کھیلانا ہے، عوام نے
سائنس وٹیکنالوجی میں فوادچودھری کی پرفارمنس دیکھ لی ہے۔ پاکستان میں میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے ترقی رک گئی تھی ، جس کی وجہ سے پاکستان نیچے چلا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں بادشاہت تھی، پورا خاندان سیاست میں آجاتا ہے جو جمہوریت کی نفی ہے، 11 سال ایک شخص پارٹی کا چیئرمین رہے اور پھر کہے جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے۔ علاوہ ازیں انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف جہاد میں پوری قوم کو شرکت کرنا ہوگی،ماضی میں وہ پیسہ جو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا تھا منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر لے جا کر محلات بنائے گئے،کک بیکس اور کمیشن کے لیے ایسے منصوبے شروع کیے گئے جن کی ضرورت ہی نہیں تھی، کرپٹ قومیں کبھی ترقی نہیں کر سکتیں۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں قومی دولت لوٹنے والوں پر پھول نچھاور کیے جاتے ہیں،یہاں پر عجیب بات کہی جاتی ہے کہ اگر کھاتا ہے تو لگاتا بھی تو ہے، یہ بات صرف بیوقوف لوگ ہی کرسکتے ہیں۔اس سے قبل وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی اینٹی کرپشن ایپ کا افتتاح کیا،۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے کرپشن چھپ جاتی تھی اب نہیں چھپتی، سوشل میڈیا کے ذریعے سب پتا چل جاتا ہے کچھ نہیں چھپتا اور اب ہر کوئی اس ایپ کے ذریعے کرپشن کے خلاف جدوجہد میں حصہ لے سکتا ہے۔