وسیم اکرم کرکٹ کمیٹی کے چئیرمین کیلئے مضبوط امیدوار

306

لاہور: ‏پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین کیلئےسابق کپتان وسیم اکرم مضبوط امیدوار بن کر سامنے آنے لگے ۔

سابق کپتان وسیم اکرم پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے رکن ہیں لیکن اب وسیم اکرم کمیٹی کے چیئرمین بننے کیلئےمضبوط امیدوار ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار جلد وسیم اکرم سے اس حوالے سے بات کریں گے اور انہیں چیئرمین کیلئےقائل کرنے کی کوشش کریں گےجس کے بعد کمیٹی کے دیگر اراکین کیلئےبھی بورڈ کے عہدیدار سابق کرکٹرز سے رابطے کریں گے۔

کمیٹی میں چیف ایگزیکٹو وسیم خان اب صرف رکن کی حیثیت سے شامل ہوں گے جبکہ کمیٹی میں بورڈ کے دیگر عہدیدار شامل نہیں ہوں گے۔

اس وقت کمیٹی میں ڈائریکٹر کرکٹ ذاکر خان، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اور ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر شامل ہیں۔

پی سی بی کمیٹی کا اعلان اگلے 15 روز میں کر دے گا اور بنگلا دیش کے خلاف سیریز سے قبل کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہو گا۔

‏پی سی بی نے محسن حسن خان کی سربراہی میں گزشتہ برس کرکٹ کمیٹی قائم کی تھی جس میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور عروج ممتاز کو شامل کیا گیا تھا۔

محسن حسن خان نے چیئرمین شپ چھوڑی تو وسیم خان کو زمہ داریاں سونپ دی گئی تھیں جبکہ مصباح الحق نے جب ہیڈ کوچ کیلئے درخواست دی تو وہ بھی کمیٹی سے الگ ہو گئے تھے۔