مہنگائی کے دور میں مزدوروں کازندہ رہنامعجزہ ہے ، خالدمحمود

99

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)ریلوے پریم یونین کے رہنما خالد محمود چودھری نے کہاہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں مزدوروں کازندہ رہنامعجزہ ہے ، مزدور طبقہ معاشی مشکلات کا شکار ہے۔لوگوں کے چہروں پر مایوسی اور اضطراب ہے ۔مہنگائی اوربے روز گاری نے عوام سے دن کا سکون اور راتوں کی نیند چھین لی ہے ، مزدورں کے لیے ایوانوں کے دروازے بند ہیں،ریلوے پریم یونین نے ریلوے ملازمین کے مطالبات پر مشتمل چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی منظوری کے لیے ملک گیر تحریک کا آغازکردیاہے،توقع ہے کہ حکومت پریم یونین کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو تسلیم کرلے گی لیکن اگر حکومت نے ملازمین کی آواز پر کان نہ دھرے تو ملک بھر میں ہونے والا احتجاج حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر دے گا۔خالد محمود چودھری نے کہا کہ پریم یونین اپنے قائد پریم حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں ریلوے ملازمین کے تحفظ کے لیے بھر پو ر جدوجہد کر رہی ہے اور کسی کو بھی ریلوے ملازمین سے زیادتی نہیں کرنے دے دیں گے ۔ ریل کا پہیہ اس کے مزدور کی وجہ سے چل رہا ہے اگر مزدوروں کو ان کا جائز حق نہ دیا گیا تو ریل بھی چل نہیں سکے گی۔ ریلوے مزدور پریشان ہو گا تو حکمرانوں کو بھی چین سے سونے نہیں دیں گے۔ ملازمین میں پائی جانے والی تشویس کو دور نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ارکان اسمبلی کو نوازنے کے لیے کروڑ وں روپے کے ترقیاتی فنڈز کا اجرا کیا جا رہا ہے دوسری طرف غریب ریلوے ملازمین سے ان کی بنیادی سہولیات بھی چھینی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے لاکھوں ملازمین کو ذہنی اذیت سے دو چار کیا جا رہا ہے ۔وہ ملازمین جنہوں نے اپنی زندگیاں ریلوے کی ترقی اور بہبو د میں گزار دیں آج در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیںمگر کسی افسر کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہا کہ اب مزید ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا،حکمران ریلوے ملازمین کے صبر کا امتحان نہ لیں ۔