میرپورخاص،تلہار،گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کیخلاف شہری سراپا احتجاج

156

میرپورخاص، تلہار (نمائندگان جسارت) محکمہ سوئی گیس نے میرپورخاص کے شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنا کر رکھ دیا ہے، بغیر کسی پیشگی اطلاع کے پورے دن گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی معطل کر کے کمرشل اور سی این جی اسٹیشنوں کو شہر کے کوٹے کا گیس بھی فروخت کیا جارہا ہے۔ یہ بات جماعت اسلامی میرپورخاص کے رہنمائوں حاجی نورالٰہی مغل، عبدالرشید، افضال احمد آرائیں اور دیگر نے اپنے ایک بیان میں کہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میرپورخاص کے شہری گیس جیسی بنیادی ضرورت سے آج بھی محروم ہیں، شہری سوئی گیس نہ ملنے کی وجہ سے ایل پی جی گیس استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہورہے ہیں، سوئی گیس کی غیر اعلانیہ بندش کی وجہ سے صبح کے اوقات میں بچے اسکولوں کو اور مزدوری کرنے والے افراد بغیر ناشتہ کیے گھروں سے مجبور ہوکر جاتے ہیں، جب دوپہر اور شام کو دوباہ آتے ہیں تو بھی گیس نہیں ہوتی ہے، جس کی وجہ سے بازار سے مہنگے داموں کھانا خرید تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس کی جانب سے سی این جی اسٹیشنوں کو باقاعدہ وقت پر گیس فراہم کی جارہی ہے، مگر شہریوں کو نہ صبح گیس ملتی ہے نہ شام کو ملتی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ سوئی گیس اپنا قبلہ درست کرلیں ورنہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ محکمہ گیس کیخلاف سٹرکوں پر آکر احتجا ج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ تلہار شہر میں گزشتہ کئی روز سے گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم دبائو نے شہریوں کی پریشانیاں بڑھادی کھانے کے وقت گیس غائب رہنا معمول بن گیا، شہری پرانی روایت کو لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہوگئے رابطے پر ایس ڈی اور سوئی سدرن گیس کمپنی تلہار فدا نوتکانی نے سٹی پریس کلب کے صحافیوں کو بتایا کہ مجھے اس بات کا کوئی علم نہیں ہے جبکہ سیٹھ الطاف میمن، نذیر لغاری، امجد جونیجو و دیگر شہریوں نے بتایا کہ کافی روز سے گیس کا پریشر بہت کم ہوگیا ہے جبکہ ماہانہ بلز ڈبل آرہے ہیں کوئی سننے والا نہیں، ہم کھانے کے لیے بھی پریشان ہورہے ہیں۔ انہوں نے بالا حکام سے اپیل کی ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر معاملے کو سنجیدگی سے حل کرایا جائے۔