ٹنڈوباگو ،اساتذہ مستقل نہ کیے جانے پر آج وزیراعلیٰ ہائوس پر دھرنا دینگے

98

ٹنڈو باگو (نمائندہ جسارت) محکمہ تعلیم سندھ کے کنٹریکٹ اساتذہ مستقل نہ کیے جانے کیخلاف اساتذہ تنظیموں کے ہمراہ آج وزیراعلیٰ ہائوس کراچی کے سامنے دھرنا دیں گے، دھرنے میں شرکت کے لیے مختلف علاقوں سے اساتذہ کے قافلے اتوار کے روز سے کراچی روانہ ہونا شروع ہوگئے تھے، دھرنے میں شرکت کی تیاریوں کے سلسلے میں اقرا یونیورسٹی، سندھ یونیورسٹی اور این ٹی ایس 2015ء کے کنٹریکٹ اساتذہ کے اجلاس منعقد ہوئے جن میں اساتذہ نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔ ضلع بدین کے کنٹریکٹ اساتذہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں بابو لغاری، رضوان الحق آرائیں، امیر بخش پنہور اور دیگر نے کہا کہ پیر کے روز وزیر اعلیٰ ہائوس کراچی کے سامنے اعلان کردہ دھرنے میں شرکت کے لیے کنٹریکٹ اساتذہ میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے کیونکہ یہ ان کے روزگار کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے کنٹریکٹ اساتذہ کو کافی عرصے سے مستقل کرنے کا لولی پاپ دیا جارہا ہے مگر عملی طور پر اس حوالے سے کچھ نہیں کیا جارہا بلکہ الٹا انہیں ملازمتوں سے فارغ کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی کنٹریکٹ اساتذہ کی دشمن لابی ہر صورت میں کنٹریکٹ اساتذہ کو نوکریوں سے برطرف کرانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لابی کنٹریکٹ اساتذہ کی ملازمتیں ختم کرانے کے بعد رشوت کے عوض نئی بھرتیاں کرنا چاہتی ہے۔ اسی لیے اس لابی نے مجاز حکام کو انتہائی بے بنیاد اور غلط بریفنگ دے کر کنٹریکٹ اساتذہ کی مستقلی میں روڑے اٹکائے ہیں۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ سندھ بھر سے اقرا، سندھ اور این ٹی ایس کنٹریکٹ اساتذہ کے علاوہ پ ٹ الف، گسٹا اور سول سوسائٹی کے کارکن پیر کے روز گیارہ بجے تک کراچی پریس کلب پہنچ جائیں گے، جہاں سے وزیر اعلیٰ ہائوس کی طرف مارچ کرکے دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے سیکڑوں کنٹریکٹ اساتذہ اپنے مطالبات کی منظوری تک وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا جاری رکھیں گے اگر اساتذہ پرکسی قسم کا تشدد ہوا تو اس کی ذمے داری حکومت سندھ پرعائد ہوگی۔