کشمیریوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،ہارون میمن

126

سکھر (نمائندہ جسارت) آل سکھراسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے مقبوضہ کشمیر میں چار ماہ سے زائد عائد کرفیو اور وادی میں موجود مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے پر پابندی لگانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کررہا ہے اور اب مذہبی آزادی پر بھی پابندی لگادی گئی ہے مسلمانوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنا نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی حقوق اور بنیادی مذہبی آزادی کے منافی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر مذمت کرنے کے لیے منعقدہ مذمتی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں حاجی محمد صابر، خواجہ جلیل احمد، بدر رفیق قریشی، صابر کپتان، حاجی انور وارثی، محمد پناہ سومرو، مولانا عثمان فیضی، لالا عابد کھوکھر، فیاض خان، برکت سولنگی، سید محمود علی، محمد شاہد ، نفیس احمد اور دیگر نے شرکت کی۔ حاجی محمد ہارون میمن کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں18 ہفتوں سے مسلمانوں کو مساجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی جارہی جس کے باعث مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لیے دنیا بھر کے مسلمانوں میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے علاقوں پلوامہ، سری نگر، اسلام آباد، درگاہ بل، بانڈی پورہ، کپوڑہ اور دیگر علاقوں میں مسلمانوں سے مذہبی آزادی بھی چھین لینا ظلم و ستم کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیری مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم ڈھا رہی ہے اور 124 دن سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے وہاں کے لوگوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے، اشیا خورونوش کی قلت اور ادویات نہ ملنے سے ایک بہت بڑی آبادی شدید اذیت سے دوچار ہے اور بد ترین ظلم کی تاریخ رقم کی جارہی ہے انسانیت پر ظلم کی انتہا کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کشمیر کے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے وہاں جب سے کرفیو نافذ ہے اور اب تک مقبوضہ علاقے میں معیشت کو 15 ہزار کروڑ تک کا نقصان پہنچ چکا ہے۔ بے روزگاری اور معاشی بدحالی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور لوگ بھوک و افلاس کا شکار ہوکر موت کے منہ کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے ان تمام مظالم کے باوجود چپ سادھ رکھی ہے اور عالمی ادارے کی ناقص کارکردگی کے باعث کشمیر میں انسانیت پر بدترین ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ ، عرب لیگ اور او آئی سی انسانیت کی خاطر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کرنے پر بھارت کیخلاف عالمی پابندی عائد کی جائیں اور جلد از جلد مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ ختم کرکے کرفیو اٹھایا جائے۔