بابراعظم کے انڈر19ٹیم کے  کپتان روحیل نذیر کو مفید مشورے

105

لاہور(جسارت نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین اور ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم پاکستان سپر لیگ کی ڈرافٹنگ تقریب کے دوران قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کو بیٹنگ کے حوالے سے ٹپس دیتے نظر آئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ بابر اعظم نے روحیل نذیر کو کٹ شاٹس کھیلنے کے متعلق مشورے دیے جو یقینی طور پر ان ہدایات اور مشوروں کا فائدہ اس وقت اٹھائیں گے جب انہیں آئندہ برس کے اوائل میں جنوبی افریقی سرزمین پر انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کا موقع ملے گا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر آئندہ ماہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی دوران وہاں موجود امام الحق نے بھی بابر اعظم سے مشورہ طلب کیا تو انہوں نے ازراہ مذاق ان کے سر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی خرابی کا خود علم ہونا چاہیے۔