؎ساتھ ایشین گیمز ، پاکستان نے میڈلز کی سنچری مکمل کر لی

240

 

کھٹمنڈو (جسارت نیوز)نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں جاری ساتھ ایشین گیمز میں پہلوان انعام بٹ نے ریسلنگ میں پاکستان کے لیے تیسرا گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔ کھٹمنڈو میں جاری ساتھ ایشین گیمز میں پاکستان کے انعام بٹ نے 92 کلوگرام کی باٹ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ہینڈ بال میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دیکر گولڈ میڈل جیتا، پاکستان نے بھارت کو 29-28 سے شکست دی۔فینسنگ کے ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے کانسی میڈل اپنے نام کر لیا جب کہ پاکستان نے باکسنگ میں بھی 2 کانسی کے میڈل حاصل کیے۔ پاکستان کے محمود الحسن اور نقیب اللہ نے کانسی کے تمغے جیتے۔ ٹینس میں عقیل خان اور مزمل مرتضی نے انفرادی مقابلوں میں کانسی کے میڈلز جیتے۔ پاکستان نے ٹینس کے مینز ڈبلز ایونٹ میں بھی 2 کانسی کے میڈل حاصل کیے۔ دوسری جانب ویٹ لفٹنگ کے مقابلے میں نوح بٹ اورحنظلہ بٹ نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔کھٹمنڈو میں جاری ساتھ ایشین گیمز میں اسکواش میں طیب اسلم نے سونے کا تمغہ جیت لیا جب کہ شوٹنگ میں گلفام جوزف نے سلور میڈل حاصل کیا تھا۔ساتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے میڈلز کی سنچری مکمل کر لی ہے، پاکستان ایونٹ میں اب تک 29 سونے، 31 چاندی اور 46 کانسی کے تمغے حاصل کر چکا ہے۔