سندھ رینجرز کھیلوں کے فروغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے ، کرنل اعجاز

769

 

کراچی (رپورٹ عارف میمن ) پاکستان رینجرز کے تحت جشن قائد اعظم کے سلسلے میں سندھ رینجرز 71 ونگ سچل کی جانب سے بلدیہ ٹائون فٹبال اسٹیڈیم میں شکریہ جناح فٹبا چیمپئن شپ کا انعقاد کیا،جس میں کھیلوں کے مقابلے تسلسل سے جاری ہیں۔ شکریہ جناح فٹبال چیمپئن شپ کا افتتاح چیئرمین موسیٰ فائونڈیشن آصف موسیٰ نے فٹبال کو کک لگا کرکیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز کے تحت جشن قائداعظم کے سلسلے میں سندھ رینجرز سچل 71ونگ کی جانب سے بلدیہ ٹائون میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو اجاگر اورکھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں جشن قائد اعظم ماہ کے حوالے سے اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیاگیا ۔ کھیلوں کا باقاعدہ آغاز ونگ کمانڈر71ونگ سچل کرنل اعجاز نے کیا۔ فٹبال اسٹیڈیم بلدیہ ٹائون میںشکریہ جناح فٹبال چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرنل اعجاز کا کہنا تھا کہ قائد اعظم ہمارے عزیم رہنما ہے ،ان کے رہنما اصولوں پرچل کر ہی ملک وقوم کی ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ سندھ رینجرز جہاں امن وامان کی بحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے وہیں مثبت سرگرمیوں میں حصہ ڈال رہی ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ آج کے نوجوانوں کو برائیوں سے بچائیں اور انہیں کھیلوں کی طرف راغب کرکے ایک صحت مندمعاشرے کاقیام عمل میں لائیں،اور یہ اس وقت ممکن ہے جب نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم ہوں گی۔ اس موقع پر موسیٰ فائونڈیشن کے چیئرمین آصف موسیٰ نے کہاکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے موسیٰ فائونڈیشن ہر اول دستے کا کردار ادا کررہاہے۔ موسیٰ فائونڈیشن نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے بلکہ انہیں آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کررہا ہے۔ آصف موسیٰ نے کہاکہ ہماری بھرپورکوشش ہے کہ بلدیہ ٹائون میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہواوراس سلسلے میں فائونڈیشن اپنا بھرپور کرداراد ا کررہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ پہلے روز کھیلے گئے میچ میں شاہد میموریل نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مدمقابل نیشنل شاہین کلب کو صفر کے مقابلے دو گول سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا،فاتح ٹیم کی جانب سے سعید اور آصف بلوچ نے ایک ،ایک گول اسکور کیا۔ اسی طرح دوسرے اور تیسرے روز بھی فٹبال کے مقابلے جاری رہے۔ سیمی فائنل مرحلے میں چارٹیموں نے کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا جس میں شاہد میموریل،خیبر مسلم ،گرین بلوچ ماڑی پوراور نیشنل شاہین شامل ہیں۔ پہلے سیمی فائنل میں خیبر مسلم نے شاہد میموریل کو صفر کے مقابلے ایک گول سے ہراکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں گرین بلوچ ماڑی پور نے نیشنل شاہین کو صفر کے مقابلے تین گول سے میدان بدرکیا۔ فائنل خیبرمسلم اور گرین بلوچ ماڑی پور کے درمیان کل کھیلاجائے گا۔ واضح رہے کہ بلدیہ ٹائون میں جاری فٹبال ٹورنامنٹ میں موسیٰ فائونڈیشن اورانجمن تاجران سعید آباد کا بھی تعاون حاصل رہا ہے۔